(آل عمران۔۹۷)
’’اللہ تعالیٰ نے ان لوگوں پر جو اس طرف کی راہ پا سکتے ہوں اس گھر کا حج فرض کردیا ہے‘‘
حج اللہ تعالیٰ کا اپنے بندوں پر حق اور ارکان اسلام کا پانچواں رکن ہے اور یہ صرف اس شخص پر زندگی میں صرف ایک بار فرض ہے جو اس کی استطاعت رکھتا ہو۔ استطاعت سے مراد یہ ہے کہ بیت اللہ شریف جانے اور واپس آنے کا خرچ اس کے پاس موجود ہو۔ اس سفر حج میں اپنی گھر سے غیر موجودگی کے دوران اہل خانہ کو معمول کے مطابق خرچ دے کر جائے۔ نیز راستہ پُر خطر نہ ہو یعنی اسے اپنی جان و مال کا خطرہ نہ ہو اور اس کی جسمانی صحت اس قابل ہو کہ حج اور سفر حج کی صعوبتوں کو برداشت کرسکتا ہو۔ اگر راستہ پُرخطر ہے تو جب تک خطرہ دور نہ ہو حج ساقط ہوجاتا ہے۔
اگر کسی کے پاس حج کا اور اہل خانہ کا خرچ موجود ہو اور راستہ بھی پرامن ہو مگر جسمانی صحت ساتھ نہ دے سکتی ہو تو کسی تندرست شخص سے اپنی طرف سے حج کروا سکتا ہے جو پہلے خود اپنا حج ادا کرچکا ہو اور اسے حج بدل کہتے ہیں۔
اسی طرح اگر کسی نے حج کی نذر مانی ہو اور نذر پوری کرنے سے پیشتر مرجائے تو اس کے پس ماندگان پر اس نذر کو پورا کرنا فرض ہوجاتا ہے۔ جیسا کہ خود اس پر فرض ہوچکا تھا۔ خواہ یہ نفلی حج ہو۔
قرضہ اٹھا کر یا مانگ کر یا سواری مہیا ہونے کے باوجود پیدل سفر حج کرنا کوئی نیکی کا کام نہیں اور اگر کسی نے ایسی غلط قسم کی نذر مانی ہو تو اسے ایسی نذر توڑ کر درست کام کرنا چاہئے۔
حج کے مندرجہ ذیل تین اقسام ہیں۔
حجِ تمتع حج کی تین اقسام میں سے سب سے مقبول اور آسان ترین قسم ہے، جس میں ایک ہی سفر کے دوران عمرہ اور حج دونوں الگ الگ احرام کے ساتھ ادا کیے جاتے ہیں۔ نبی کریم ﷺ نے اپنے صحابہ کرام کو اسی حج کا حکم فرمایا تھا۔
حج تمتع میں حاجی عمرہ کی نیت سے احرام باندھے۔طواف اور سعی کے بعد بال کٹوائے اور احرام کھول کر حلال ہوجائے۔ پھر دوبارہ حج کی نیت سے ۸ ذو الحجہ کو احرام باندھے اور مناسک حج ادا کرے۔
حج قران یہ ہے کہ حاجی حج اور عمرہ کا اکٹھا احرام باندھے اور تلبیہ پڑھے۔ عمرہ ادا کرنے کے بعد ١٠/ذی الحجہ تک نہ بال کٹوائے اورنہ احرام کھولےاور قربانی کا جانورساتھ لیکر جائے ۔
حج افرادیہ ہے کہ حاجی صرف حج کا احرام باندھے اور ١٠/ذی الحجہ تک احرام میں ہی رہے اور قربانی نہ کرے اس لئے کہ حج اِفراد کرنے والا قربانی نہیں دے گا اور ایک سعی کرے خواہ طوافِ قدوم کے ساتھ یا بعد میں طوافِ افاضہ کے ساتھ۔
نیچے دیے گئے لنک میں حجِ تمتع کا آسان اور مرحلہ وار طریقہ درج ہے۔
حج تمتع ایک نظر میں
